زیادہ تر لوگوں کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ عمارتوں کے اندرونی ماحول میں کتنی آلودگی موجود ہیں، جہاں ہم اپنا زیادہ تر وقت صرف کرتے ہیں۔
مثال کے طور پر، بہت سے پروڈکٹس جو ہم اپنے گھروں، سکولوں اور کام کی جگہوں کو صاف اور تازہ کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں وہ ہوا میں پوشیدہ زہریلے مادوں کا اضافہ کرتے ہیں۔
کینیڈا کی البرٹا یونیورسٹی میں بچوں کے پلمونری کی ماہر این ہکس کہتی ہیں، ’ہوا میں کوئی بُو نہیں ہوتی۔‘
وہ مزید کہتی ہیں ’اگر آپ اسے سونگھ سکتے ہیں تو ہوا میں ایک کیمیکل ہے جو آپ کی ناک میں داخل ہو رہا ہے۔ یہ سب فضائی آلودگی ہے، اس سے قطع نظر کہ اس کی بو اچھی ہو یا بُری‘۔
ہکس بتاتی ہیں کہ ’اندرونی فضائی آلودگی بہت زیادہ ہے، اور یہ نامعلوم حد تک ہے ہے، کیونکہ میرے پڑوسی کے گھر میں بھی میرے گھر سے مختلف فضائی آلودگی ہے۔‘
اندرونی فضائی آلودگی انتہائی پیچیدہ، بد نظم، اور اکثر لوگوں کے کنٹرول سے باہر ہے۔
مثال کے طور پر، سڑک کی ٹریفک نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ پیدا کرتی ہے، جبکہ عمارتوں میں نمی اور ساختی مسائل سڑنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
مہنگا حل
اعلی کارکردگی والے پارٹیکیولیٹ ایئر (HEPA) فلٹرز والے ایئر پیوریفائر اس معاملے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
لیکن ان کی بہت زیادہ قیمت، نیز ان کو چلانے کے لیے توانائی کا خرچ، انھیں کچھ گھروں کی پہنچ سے دور رکھ سکتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ایسے پودے رکھنے کا خیال پر کشش لگتا ہے جو غیر فعال اور سستے طریقے سے ہوا کو صاف کرتے ہیں۔
بنیادی طور پر، پودوں کے پتے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر آلودگیوں کو جذب کرتے ہیں، جسے پودا پھر مختلف عملوں میں استعمال کرتا ہے۔
یہاں جو چیز خاص طور پر اہم ہے وہ مائیکروجنزموں کی کمیونٹی اور وہ ذریعہ ہے جس میں وہ اگتے ہیں جیسے مٹی یا کمپوسٹ جو بہت سے مطالعات کے مطابق پودوں سے زیادہ آلودگی جذب کرتے ہیں۔
کتنے پودے لگائیں؟
سنہ 1989 میں ناسا کے ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ گھریلو پودے ہوا سے فارملڈہائیڈ اور دیگر غیر مستحکم نامیاتی مرکبات (VOCs) کو ہٹا سکتے ہیں۔ لیکن یہ مطالعہ حقیقی دنیا کے حالات کے لیے حقیقت پسندانہ نہیں تھا۔
ایک گھر میں میں موجود نامیاتی مرکبات کو نمایاں طور پر کم کرنے کے لیے گھر کو ایک جنگل لگنا ہوگا۔
رائل ہارٹیکلچرل سوسائٹی کی سینئر باغبانی کی سائنس دان اور یونیورسٹی آف ریڈنگ میں ریسرچ فیلو، تیجانا بلانوسا کہتی ہیں، ’آپ کو بہت اچھی روشنی والی جگہ میں بہت زیادہ پودوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ نامیاتی مرکبات اور بہت سی دیگر گیسوں کے اخراج پر قابل ذکر اثر پڑے۔‘
اسی طرح کاربن ڈائی آکسائیڈ کے لیے، ’آپ کو ایک کمرے کے پیمانے پر قابل پیمائش اثر ڈالنے کے لیے پودوں کی ایک بڑی تعداد کی ضرورت ہے۔‘
کیا مزید پودے لگانا اس کا حل ہے؟
کچھ محققین، جن میں تیجانا بلانوسا بھی شامل ہیں، انفرادی گملے والے پودوں سے سبز دیواروں (پودوں کے ساتھ عمودی ڈھانچے) کی طرف منتقل ہو گئے ہیں، جو ان کے درمیان ہوا کے چلنے کے طریقے کی وجہ سے زیادہ پودوں کو مرکوز کر سکتے ہیں اور ہوا کو زیادہ موثر طریقے سے فلٹر کر سکتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ فعال سبز دیواروں کے ساتھ، ’کمرے میں ہوا کو سطح سے اوپر دھکیل دیا جاتا ہے جہاں یہ قدرتی طور پر ہوتا ہے اگر آپ کے پاس صرف پودے لگے ہوتے۔‘
تاہم ان سبز دیواروں کی تنصیب اور دیکھ بھال مہنگی ہے۔
صرف دیکھنے میں ہی آسان۔۔۔
جب کنڈل کنسلٹنسی 2015 میں لندن کے اپنے موجودہ دفاتر میں منتقل ہوئیں تو انھوں نے میٹنگ رومز میں سے ایک کو پودوں سے بھر دیا۔
ان کا مقصد انڈور ہوا کے معیار پر پودوں کے اثرات کی نگرانی اور ریکارڈ کرنا تھا۔
لیکن ان کی دیکھ بھال کرنا مشکل ثابت ہوا۔
یہ بھی واضح ہو گیا کہ پودوں کا ہوا کے معیار پر میکینکل وینٹیلیشن سسٹم اور ایئر پیوریفائر جیسا اثر نہیں ہو رہا ہے۔
فلفی کائی دیکھنے اور چھونے میں بہت خوشگوار ہوتی ہے لیکن اس میں آلودگی جذب کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی۔
جب گاہک پوچھتے ہیں کہ کیا پودے ہوا کے معیار کو بہتر بناتے ہیں، کینڈل کے لندن آفس کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر، کویتا کماری انھیں پودوں کے فوائد اور ان کی حدود کے بارے میں بتاتی ہیں۔
وہ ایسے پودوں کی تجویز کرتی ہے جن کی دیکھ بھال کرنا نسبتاً آسان ہے جبکہ نامیاتی مرکبات کو کم کرتے ہوئے اور آکسیجن پیدا کرتے ہیں، حالانکہ وہ تسلیم کرتی ہیں کہ ان کا اثر معمولی ہے۔
ان پودوں میں سے ایک جسے عام زبان میں سنیک پلانٹ یا ٹائیگر ٹنگ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
کماری کہتی ہیں کہ جہاں زیادہ تر پودے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں اور دن میں آکسیجن چھوڑتے ہیں، یہ پودا رات میں بھی ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بائیو انجینئرنگ
کماری کے مطابق، اندرونی جگہ سے آلودگی کو باہر جانے دینے کے لیے کھڑکی کھولنا زیادہ تعمیرات والے علاقوں میں کام نہیں کرتا، جہاں بیرونی فضائی آلودگی بھی اسی وقت اندر داخل ہو سکتی ہے۔
سائنسدان اب پودوں کی ایک نئی نسل پر کام کر رہے ہیں جو ہوا کو صاف کرنے میں خاص طور پر موثر ہونے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
امریکہ میں واشنگٹن یونیورسٹی کے محققین نے خرگوش میں پائے جانے والے پروٹین کے مصنوعی ورژن کے ساتھ پوتھوس کو جینیاتی طور پر تبدیل کیا ہے جو کلوروفارم اور بینزائن کو پروسیس کر سکتا ہے۔
نیوپلانٹس کمپنی نے پوتھوس پلانٹس میں جینز کو بھی تبدیل کیا ہے تاکہ وہ مخصوص نامیاتی مرکبات کو ری سائیکل کرسکیں۔
کمپنی نے فائدہ مند بیکٹیریا بھی تیار کیے جو نامیاتی مرکبات کو توڑنے میں خاص طور پر کارآمد ہیں، جو پودوں کے جڑوں کے نظام تک پہنچائے جاتے ہیں۔
یہ مائیکرو بایوم ہے، جو خود پودے سے زیادہ ہے، جو ہوا کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم، ان تمام بہتریوں کے باوجود، ہم ہوا کو صاف کرنے کے لیے صرف پودوں پر انحصار نہیں کر سکتے۔
اس وقت، اس سلسلے میں پودوں کے فوائد محدود ہیں: وہ ہوا صاف کرنے والی مصبوعات کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
پھر بھی، پودوں کے دوسرے فوائد بھی ہو سکتے ہیں، جیسے موڈ، پیداوری اور تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر بنانا۔