اہم خبریں

گال ٹیسٹ: امام کی نصف سنچری نے پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری دلا دی

گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی ہے اور دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

کھیل کے آخری روز پاکستان کو جیت کے لیے 83 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں گِر چکی تھیں مگر اوپنر امام الحق کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے 131 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ سعود شکیل نے 30 جبکہ بابر اعظم نے 24 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

سری لنکن سپنر پرابتھ جیسوریا نے پانچویں روز بھی پاکستانی بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا اور 56 رنز دے کر کل چار وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے عبدااللہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم اور سرفراز احمد کو آؤٹ کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈالے رکھا۔

آٹھویں نمبر پر آئے آغا سلمان نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر وننگ رنز سکور کیے۔

پاکستان کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے بلے باز سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں صرف پارٹنرشپ بنانے کی کوشش کر رہا تھا اور مثبت انداز میں رنز کی تلاش میں تھا۔

’ہم سویپ اور ریورس سویپ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہمیں معلوم تھا کہ ایسا ضروری ہوگا۔ میں کراچی سے ہوں اور وہاں بھی سپنرز کا سامنا کر چکا ہوں۔‘

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ جیتنے سے ٹیم کو اعتماد ملا ہے۔ ’عمدہ کارکردگی پر تمام کریڈٹ نوجوان کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔‘

خیال رہے کہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا اگلا میچ 24 جولائی سے کھیلا جائے گا۔

چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنا رکھے تھے جبکہ کریز پر کپتان بابر اعظم اور اوپنر امام الحق موجود تھے۔

سری لنکا کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدا میں ہی عبداللہ شفیق آٹھ، شان مسعود سات اور نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

گذشتہ روز مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے دن کے آخری حصے میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا اور دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنائے تھے۔

چوتھے روز سری لنکا کے اوپنر نیشان مادھشکا آٹھ اور دیمتھ کرونارتنے نے چھ رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن جلد ہی پاکستان کو پہلی کامیابی ملی اور دیمتھ کرونارتنے 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وہ سپنر ابرار احمد کا نشانہ بنے۔

اس کے بعد 79 کے مجموعے پر کوشل مینڈس 18 رنز کے انفرادی سکور پر نعمان علی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستانی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز کو بھی صرف سات رنز پر نعمان علی نے پویلین کی راہ دکھائی۔

نیشان مدھشکا نصف سنچری بنانے کے بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے، 52 رنز بنانے والے بلے باز کی وکٹ بھی بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی نے حاصل کی۔

دوسرے اینڈ سے پہلی اننگز کے ہیرو دھننجیا ڈی سلوا نے اپنی شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک اور بہترین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو بہتر مجموعے تک رسائی دلانے کا بیڑا اٹھایا۔

اس دوران دنیش چندیمل 28 کے انفرادی سکور پر آغا سلمان کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے اور اس مرحلے پر سری لنکا کی آدھی ٹیم 159 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

سری لنکا کو چھٹا نقصان 175 رنز پر سدیرا سماراوکراما کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 11 رنز بنا کر آغا سلمان کا شکار بنے۔

سری لنکا کے ڈی سلوا اور رمیش مینڈس نے 76 رنز کی شراکت قائم کر کے سری لنکا کے مجموعی سکور میں بہتری کی تاہم پاکستانی سپنر ابرار نے رمیش مینڈس کی 42 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دھننجیا ڈی سلوا کو 82 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ ان کے بعد آنے والی سری لنکن بلے باز پرباتھ جےسوریا بھی 10 کے سکور پر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔

سری لنکا کے آخری کھلاڑی کاسن راجیتھا کو ابرار احمد نے پانچ رنز پر چلتا کیا اور اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی ٹیم نے آسان ہدف کی جانب متاثر کن آغاز نہیں کیا اور اننگز کی ابتدا ہی میں 16 کے مجموعے پر عبداللہ شفیق جے سوریا کی گیند پر صرف آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ان کے بعد آنے والے پاکستانی بلے باز شان مسعود بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور مجموعے میں صرف سات رنز کا اضافہ کر کے جے سوریا کو دوسری وکٹ دے بیٹھے۔

پاکستان کی جانب دن کے اختتامی لمحات میں سپنر نعمان علی پہلے نمبروں پر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن بنا کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔

گال ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 131 کے ہدف کے تعاقب میں تین وکٹوں پر 48 رنز بنائے ہیں اور اسے جیت کے لیے مزید 83 رنز درکار ہیں۔

اس وقت کریز پر امام الحق 25 اور کپتان بابر اعظم چھ رنز پر کھیل رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں دھننجیا ڈی سلوا کی سنچری کی بدولت 312 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری کی مدد سے 461 رنز بنا کر اننگز میں 149 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔

واضح رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

’میں نے پاکستانی ٹیم کی اتنی عمدہ فیلڈنگ کبھی نہیں دیکھی‘

اگر آج کے دن کے کھیل پر پاکستان کے سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں پر نظر دوڑائیں تو بہت سے تو اب تک سعود شکیل کی شاندار بلے بازی اور ڈبل سنچری کے خمار سے ہی نہیں نکلے ہیں۔

تاہم آج کے دن کے کھیل پر سب تبصروں میں سب سے پہلے بابر اعظم کا نام آتا ہے اور وہ بھی جب آج سری لنکا کی اننگز کے آغاز میں ہی انھوں نے نعمان علی کی گیند پر سلپ میں میتھوز کا شاندار کیچ پکڑا۔

اس پر لوگ ان کی فٹنس اور اچھی فیلڈنگ کو داد دے رہے ہیں۔

لیکن جو بھی ہو ہم پاکستانی کرکٹ شائقین کو ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ہر وقت ایک دھڑکا ضرور لگا رہتا ہے اور اسی لیے شاید نینا انصاری نامی صارف پاکستان کی جیت کی امیدیں صرف بابر اعظم کے ساتھ باندھے بیٹھی ہیں۔