اہم خبریں

کولمبو ٹیسٹ: پاکستان کی عمدہ بولنگ، ’پہلا دن پاکستان کے نام رہا، لڑکو اس فارم کو قائم رکھنا‘

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جا رہے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کو پہلی اننگز میں 166 رنز پر آل آؤٹ کر دیا ہے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا کی پہلی اننگز میں 166 رنز کے جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹوں پر 145 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو اننگز کے آغاز میں ہی امام الحق کا نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔

کولمبو میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے درست ثابت نہیں ہوا۔

پاکستانی بولرز نے سری لنکن بلے بازوں کو اننگز کے آغاز سے ہی دباؤ میں رکھا اور بہترین لائن و لینتھ کا استعمال کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 166 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

سری لنکن اوپنر نشان مدوشکا چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، ان کے بعد کوشال مینڈس چھ رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار ہوئے۔

ان کے بعد آنے والے انجیلو میتھیوز نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد کپتان دیموتھ کرونارتنے بھی صرف 17 رنز بنا سکے۔

اس موقع پر سری لنکا کے 36 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

اس کے بعد چندیمل اور ڈی سلوا نے پانچویں وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کر کے سری لنکا کا مجموعی سکور 121 رنز پر پہنچا دیا، تاہم نسیم شاہ نے دنیش چندیمل کو آؤٹ کیا اور اس شراکت داری کو توڑا۔

سری لنکا کو چھٹا نقصان سدیرا سمارا وکرما کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ابرار احمد کا شکار بنے، اس کے بعد دھننجیا ڈی سلوا بھی 57 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر سعود شکیل کو کیچ دے بیٹھے۔

سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 136 رنز پر گری جب شان مسعود نے پربت جے سوریا کر رن آؤٹ کر دیا، اس کے بعد سیتھا فرنینڈو کو بھی ابرار احمد نے بولڈ کر دیا۔

سری لنکا کی آخری وکٹ 166 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب رمیش مینڈس 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 69 رنز کے عوض چار اور نسیم شاہ نے 41 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کا حصہ ہے اور پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کی تھی۔

سیریز کے دوسرے اور فائنل ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ سری لنکا نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فاسٹ بولرز وشوا فرنینڈو اور کاسن راجیتھا کی جگہ آسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا کو شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ سری لنکا کے لیے چھ ون ڈے اور 11 ٹی 20 کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر مدوشنکا نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔

بارش کے باعث کھیل کا آغاز آدھا گھنٹہ تاخیر سے ہوا تاہم دن کے مقررہ اوورز میں سے کوئی اوور کم نہیں کیا گیا۔

’پہلا دن پاکستان کے نام رہا، لڑکو اس فارم کو قائم رکھنا‘

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز کے شاندار بولنگ سپیل کے باعث سری لنکا کے صرف 166 رنز پر آؤٹ ہو جانے پر سوشل میڈیا صارفین بولرز کو داد دینے کے ساتھ ساتھ بابر اعظم کی کپتانی کی بھی تعریف کر رہے ہیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے پاکستانی بولرز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان اور بابر اعظم کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ، ان کی ذہانت کی وجہ سے سری لنکا صرف 166 رنز ہی بنا سکا جو کولمبو میں سری لنکا کا سب سے کم ٹوٹل ہے۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام رہا، لڑکو اس فارم کو قائم رکھنا۔‘

جبکہ ایک صارف نے پاکستانی بولر نسیم شاہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’سیریز سے قبل میں نے کہا تھا کہ گذشتہ ایک سال میں شاہین آفریدی کی غیرحاضری میں نسیم شاہ تیز بولنگ کا لیڈر بن گیا ہے اور اس نے ہمیں اس سیریز میں مایوس نہیں کیا۔ یہ پاکستان کا بہت خاص ٹیلنٹ ہے۔‘