اہم خبریں

پسوڑی کے ری میک میں ایسا کیا ہے کہ انڈین اور پاکستانی ایک ہو گئے؟

اگ لاواں مجبوری نوں

آن جان دی پسوڑی نوں۔۔۔

کوک سٹوڈیو کا وہ پاپ گانا جس نے پاکستان سے انڈیا اور دنیا کے کونے کونے تک ہر جگہ دھوم مچا دی تھی اب ایک بار پھر سے خبروں میں ہے اور اس کی وجہ ہے بالی کی جانب سے اس گانے کا بنایا ری میک۔

پاکستانی اور انڈین فینز کو پسوڑی کا ری میک پسند نہیں آیا اور وہ اس پر شدید ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس پاپ گانے کو پاکستان کے میوزک شو کوک سٹوڈیو کی جانب سے علی سیٹھی اور شے گل کی آواز میں پیش کیا گیا تھا۔

اس گانے کا انڈین ورژن پیر کو ریلیز کیا گیا۔

بہت سے سامعین کا کہنا ہے کہ اس ورژن کی کوئی ضرورت نہیں تھی تاہم کچھ ایسے بھی ہیں جنھیں نیا ورژن پسند آیا ہے۔

پسوڑی نو کے عنوان سے بنائے گئے نئے ورژن کو آنے والی بالی ووڈ فلم’ ستیہ پریم کی کتھا‘ میں شامل کیا گیا ہے اسے اداکار کارتک آریان اور کیارا اڈوانی پر فلمایا گیا ہے۔

گانے کی آفیشل میوزک ویڈیو کو پیر کے دن ریلیز ہونے کے بعد سے یوٹیوب پر نو ملین سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔

نئے ورژن کو ارجیت سنگھ نے گایا ہے جو حالیہ برسوں میں انڈیا کے سب سے بڑے پلے بیک سنگرز میں سے ایک کے طور پر ابھرے ہیں، اور اس کے بول خود علی سیٹھی نے گرپریت سینی کے ساتھ مل کر لکھے ہیں۔ اسی لیے اس گانے کی ریلیز سے قبل کافی جوش و خروش تھا۔

گانے میں اصل گانے سےکچھ کچھ مشابہت تو ہے، مگر اس میں زیادہ رومانوی احساس ہے۔ اگ لواں مجبوری نو (تمھاری مجبوریوں کو آگ لگا دوں) ارجیت سنگھ، علی سیٹھی کی آواز کی نقل کرتے ہوئے گانے کی کوشش کرتے ہیں اور پسِ منظر میں اداکار برف سے ڈھکے پہاڑوں میں ایک دوسرے کو گلے لگا کر رقص کرتے ہیں۔

لیکن پیر کے روز جب یہ گانا ریلیز ہوا تو بہت سے سامعین نے میوزک ویڈیو پر تنقید کی اور اس کے بنانے والوں پر ان کے اصل گانے کو ’مکمل طور پر برباد‘ کرنے کا الزام لگایا۔

ایک صارف نے لکھا ’اچھی کوشش، دوبارہ ایسی کوشش مت کیجیے گا‘۔

ایک اور نے لکھا ’اس میں کوئی شک نہیں کہ ارجیت سنگھ ایک کمال کے گلوکار ہیں۔ لیکن آپ کو اچھے گانوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بند کرنے کی ضرورت ہے‘۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین کا کہنا ہے کہ وہ بالی ووڈ کی جانب سے پرانی فلموں اور گانوں کو نئے انداز میں ڈھالنے کی عادت سے تنگ آچکے ہیں۔ایک اور صارف نے پوچھا ’کیا آپ لوگ اصل چیزوں کو اصلی رہنے نہیں دے سکتے؟

تاہم کئی افراد نے گانے کا دفاع کیا اور اس کے ناقدین پر غیر ضروری تنقید کا الزام لگایا۔

ایک مداح نے لکھا کہ ’پسوڑی کا یہ ورژن پسند آیا‘ جبکہ ایک اور نے لکھا کہ ’پسوڑی کا ارجیت سر کا ورژن، موسیقی کے ہر مداح کے لیے بہترین تحفہ ہے‘۔

پسوڑی، پنجابی زبان کا لفظ ہے جس کا تقریباً ترجمہ ’مصیبت‘ ہے، یہ گانا گذشتہ سال کوک اسٹوڈیو پاکستان کے 14ویں سیزن میں ریلیز ہوا۔ سوڈا کمپنی کے اس میوزک شو میں ملک کے مشہور گلوکاروں کے گانے سٹوڈیو میں ریکارڈ ہوتے ہیں اور ان پر پرفارمنس پیش کی جاتی ہے۔ یہ شو انڈیا میں بے حد مقبول ہے۔

پسوڑی کا اصل گانا انڈیا میں زبردست ہٹ تھا جہاں لاکھوں افراد نے اسے پسند کیا، کئی ہفتوں تک یہ میوزک چارٹس میں سرفہرست رہا اور اس سےمتاثر ہو کر کئی گانے بنائے گئے۔