پاکستان میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی: شدید گرمی ہمارے جسم پر کیسے اثرانداز ہوتی ہے اور اس سے کیسے بچا جائے

پاکستان کے مختلف علاقوں میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے اور اس کی شدت میں رواں ہفتے مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنے ایک الرٹ میں خبردار کیا ہے کہ آئندہ پانچ روز تک ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ’منگل 20 جون سے 24 جون تک ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت میں چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔‘

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی آنے والی لہر سے ملک کا طول و عرض متاثر ہو گا اور اس دوران ملک کے ہر حصے میں وہاں کے معمول کے درجہ حرارت میں مزید دو سے چھ ڈگری سیٹی گریڈ تک اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی اس شدت کی وجہ فضا میں ہوا کا زیادہ دباؤ ہے۔

’20 جون سے 24 جون کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں دن کا درجہ حرارت چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں دن کا درجہ حرارت دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔‘

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی اس شدت کے دوران ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان تو ہے تاہم یہ بارش محض وقتی ریلیف ہی ثابت ہو گی۔

محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق ’درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافے کا سامنا ہو گا‘ جبکہ عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دن کے وقت بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

کراچی والے ’فِیل لائیک 42‘ کے لیے تیار رہیں

رواں ہفتے آنے والی ہیٹ ویو کے دوران ملک کے گرم ترین علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کرنے کی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سبی گرم ترین علاقہ تھا جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ جیکب آباد اور نوابشاہ میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران ان علاقوں کا درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا درجہ حرارت 39 ڈگری سے بڑھ کر 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

کراچی میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم حکام کے مطابق ’یہ فِیل لائیک 42 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گا اس لیے انتہائی محتاط رہیں۔‘

ادارے کے مطابق ’اس دوران کراچی میں جنوب مغرب کی جانب سے سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی تاہم ہوا میں نمی کا تناسب مزید بڑھنے سے گرمی کا احساس غالب رہے گا۔‘

پشاور میں بھی پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے جبکہ ہیٹ ویو کے اثرات گلگت بلتستان تک بھی محسوس کیے جائیں گے اور اس دوران گلگت کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شدید گرمی کے ہمارے جسم پر کیا اثرات ہوتے ہیں؟

جیسے جیسے جسم کا درجہ حرارت گرم ہوتا ہے خون کی نالیاں کھلنا شروع ہو جاتی ہیں۔ اس سے فشارِ خون میں کمی واقع ہوتی ہے اور دل کو جسم میں خون پہنچانے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔

اس کے باعث جسم پر جلن پیدا کرنے والے نشانات بھی بن سکتے ہیں اور آپ کے پیروں میں سوزش بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پسینہ بہنے کی وجہ سے جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی واقع ہونے کی وجہ سے جسم میں ان کا توازن بدل جاتا ہے۔

ان علامات کے ساتھ کم فشارِ خون کی وجہ سے لو بھی لگ سکتی ہے جس کی علامات یہ ہیں

سر چکرانا

بے ہوش ہونا

الجھن کا شکار ہونا

متلی آنا

پٹھوں میں کھچاؤ محسوس کرنا

سر میں درد ہونا

شدید پسینہ آنا

تھکاوٹ محسوس کرنا

اگر فشارِ خون بہت زیادہ حد تک گر جائے تو دل کا دورہ پڑنے کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

چاہے ہم برفانی طوفان میں ہوں یا گرمی کی لہر میں، ہمارا جسم 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ وہ درجہ حرارت ہے جس پر ہمارے جسم نے کام کرنا سیکھ لیا ہے۔

لیکن جیسے جیسے پارہ بڑھتا ہے، جسم کو اپنا بنیادی درجہ حرارت کم رکھنے میں دشواری ہوتی ہے۔ ان حالات میں ہمارا جسم جلد کے قریب واقع شریانوں کو کھول دیتا ہے تاکہ ہمیں پسینہ آئے اور جسم کا درجہ حرارت کم ہو جائے۔

پسینہ خشک ہو کر جلد سے خارج ہونے والی گرمی کو ڈرامائی حد تک بڑھا دیتا ہے۔ سننے میں یہ عمل سادہ لگ رہا ہے لیکن یہ جسم پر کافی دباؤ ڈالتا ہے یعنی جتنا زیادہ درجہ حرارت بڑھتا ہے اتنا ہی جسم پر دباؤ بڑھتا ہے۔

یہ کھلی شریانیں بلڈ پریشر گھٹا دیتی ہیں اور ہمارے دل کو جسم میں خون پہنچانے کے لیے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔ کھلی شریانوں کے رسنے کی وجہ سے پاؤں میں سوجن اور گرمی دانوں پر خارش جیسی علامات پیدا ہو سکتی ہیں۔

لیکن اگر بلڈ پریشر کافی کم ہو جائے تو جسم کے ان اعضا کو کم خون پہنچے گا جنھیں اس کی بہت ضرورت ہے اور دل کے دورے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔

لو سے متاثرہ شخص کو ٹھنڈی جگہ منتقل کریں

اگر جسم کا درجہ حرارت آدھے گھنٹے میں کم ہو جائے تو پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔

برطانوی ادارہ نیشنل ہیلتھ سروس تجویز کرتا ہے کہ

 لو سے متاثرہ شخص کو ٹھنڈی جگہ منتقل کریں

اسے لٹائیں اور اُس کے پاؤں کو ہلکا سا اوپر کریں

 اسے زیادہ مقدار میں پانی پلائیں، یا ری ہائڈریشن ڈرنکس یا مشروبات بھی دیے جا سکتے ہیں

 متاثرہ شخص کی جلد کو ٹھنڈا کریں، ٹھنڈے پانی کی مدد سے اس پر سپرے کریں اور پنکھے کی ہوا لگنے دیں۔ بغل اور گردن کے پاس آئس پیک یا برف بھی رکھی جا سکتی ہے

تاہم اگر متاثرہ شخص 30 منٹ کے اندر اندر بہتر محسوس نہ کرے تو اس کا مطلب ہے ان کو ہیٹ سٹروک ہو گیا ہے۔ یہ ایک ہنگامی صورتحال ہے اور آپ کو فوراً طبّی عملے کو فون کرنا چاہیے۔

ہیٹ سٹروک کا شکار ہونے والے افراد کو گرمی لگنے کے باوجود پسینہ آنا بند ہو سکتا ہے۔

متاثرہ شخص کے جسم کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہونے کے بعد وہ بے ہوش ہو سکتا ہے یا دورے پڑ سکتے ہیں۔

بچوں اور بزرگوں سمیت کس کو زیادہ خطرہ ہے؟

صحت مند افراد عام سمجھ بوجھ استعمال کر کے گرمی کی لہر میں خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں لیکن کچھ لوگوں کو لو لگنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔ زیادہ عمر کے لوگ یا دل کی بیماری جیسے امراض کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے گرمی کی وجہ سے جسم پر پڑنے والے دباؤ سے نمٹنا مشکل ہو سکتا ہے۔

ذیابطیس 1 اور 2 کی وجہ سے جسم تیزی سے پانی کی کمی کا شکار ہوتا ہے اور بیماری کی وجہ سے شریانیں اور پسینہ پیدا کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

یہ بات بھی اہم کردار ادا کرتی ہے کہ آپ کو سمجھ ہو کہ آپ کے جسم کا درجہ حرارت بہت بڑھ چکا ہے اور یہ کہ اس بارے میں آپ کو کچھ کرنا چاہیے۔ ہم اس بات کو اتنی سنجیدگی سے نہیں لیتے لیکن بچوں اور ذہنی امراض کے شکار افراد گرمی کی لہر کا زیادہ آسان شکار ہو سکتے ہیں۔

بے گھر افراد کو سورج کی تپش زیادہ محسوس ہو گی اور فلیٹ میں سب سے اوپر رہنے والے لوگوں کو بھی زیادہ درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ہیٹ ویو کے دوران کچھ ادویات کا استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے؟

جی ہاں! تاہم لوگوں کو معمول کے مطابق اپنی ادویات لینے کی ضرورت ہے اور اپنے جسم کے درجہ حرارت کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی پیئں۔

ڈیوریٹکس جنھیں ’واٹر پلز‘ بھی کہا جاتا ہے، جسم سے پانی کے اخراج میں اضافہ کرتی ہیں۔ انھیں دل کے عارضے میں مبتلا افراد استعمال کرتے ہیں۔ زیادہ درجہ حرارت میں ان ادویات کے باعث جسم میں پانی کی کمی اور منرلز کا توازن خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

اینٹی ہائپرٹینسو ادویات جو فشار خون میں کمی کا باعث بنتی ہیں وہ ان خون کی نالیوں کو جوڑ دیتی ہیں جو گرمی سے مقابلہ کرنے کے لیے پھول جاتی ہیں اور فشار خون میں خطرناک حد تک کمی کی وجہ بنتی ہیں۔

مرگی اور پارکنسنز جیسی بیماریوں کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کے باعث پسینہ آنا بند ہو جاتا ہے جو جسم کو ٹھنڈا کرنے میں رکاوٹ بنتا ہے۔

یہ ادویات جسم میں لتھیئم اور سٹیٹنز بھی شامل ہوتا ہے یہ خون میں اپنی مقدار میں اضافہ کرتے ہوئے ایک مسئلہ بن سکتے ہیں۔

کیا گرمی سے آپ کی موت واقع ہو سکتی ہے؟

جی ہاں۔ صرف انگلینڈ میں ہر سال دو ہزار افراد زیادہ درجہ حرارت کے باعث ہلاک ہوتے ہیں۔ ان میں سے اکثر دل کا دورہ پڑنے اور سٹروکس کے باعث ہلاک ہوتے ہیں کیونکہ جسم اپنے درجہ حرارت کو نارمل رکھنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔

زیادہ اموات اس وقت واقع ہوتی ہیں جب درجہ حرارت 25-26 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے سامنے آنے والے شواہد سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر اموات بہار یا موسمِ گرما کے آغاز میں ہوتی ہیں نہ کہ موسم گرما کے عروج پر۔

اس کی ایک وجہ تو یہ بھی ہے کہ ہم گرمیوں کی آمد پر اپنے روز مرہ کے رویوں میں تبدیلی لانا شروع کر دیتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ہم گرمی برداشت کرنا شروع ہو جاتے ہیں۔

گذشتہ ہیٹ ویوز کے اعداد و شمار کے مطابق اموات میں اضافہ بہت جلدی ہوتا ہے، یعنی ہیٹ ویز کے آغاز کے پہلے 24 گھنٹوں میں ہی۔

جسم کو ٹھنڈا کیسے رکھا جائے؟

اس بات کو یقینی بنائیں کے آپ زیادہ سے زیادہ پانی یا دودھ پی رہے ہیں۔ چائے اور کافی پینے میں بھی کوئی قباحت نہیں۔ تاہم زیادہ مقدار میں شراب پینے سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے جسم میں پانی کی اچانک کمی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اگر آپ کے گھر کے باہر گرمی گھر کے اندر گرمی سے زیادہ ہے تو یہ بہتر ہو گا کہ آپ اپنے گھر کی کھڑکیاں بند رکھیں اور پردے بند رکھیں۔