انتباہ: اس رپورٹ میں درج تفصیلات قارئین کے لیے تکلیف کا باعث ہو سکتی ہیں۔
انڈیا کے شہر ممبئی میں مبینہ قتل کا ایک سنگین واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملزم نے اپنی پارٹنر کو قتل کرنے کے بعد ثبوت ضائع کرنے کے لیے اُن کی لاش کو آری کی مدد سے کئی ٹکڑوں میں کاٹ دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان ٹکڑوں کو کوڑے کی طرح پھینکنے سے قبل انھیں کھولتے ہوئے پانی میں ڈالا گیا اور کچھ ٹکڑوں کو باریکی سے کاٹ دیا گیا۔
پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد کہا ہے کہ یہ میبنہ قتل آپسی لڑائی کے نتیجے میں کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ممبئی کے میرا روڈ پر واقع ایک رہائشی بلڈنگ کے مکینوں نے پولیس کو ایک فلیٹ سے بدبو آنے کی شکایت کی تھی اور پولیس جب اس بند فلیٹ کا تالہ توڑ کر وہاں داخل ہوئی تو وہاں کسی خاتون کے جسم کے ٹکڑے پھیلے ہوئے تھے۔
بعدازاں مقتولہ کی شناخت 32 سالہ سرسوتی ویدیہ کے طور پر کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ اس فلیٹ میں ملزم منوج ساہنی نام کے ایک شخص کے ساتھ رہ رہی تھیں۔
پولیس نے ملزم ساہنی کو اس وقت گرفت میں لے لیا جب وہ بلڈنگ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
علاقے کے ڈپٹی پولیس کمشنر جینت باجبلے نے بتایا کہ ’ہم نے ملزم منوج ساہنی کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے اس قتل کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔‘
پولیس نے ساہنی کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد تفتیش کے لیے مزید ریمانڈ لے لیا ہے۔
پولیس کو ساہنی کے فلیٹ میں سرسوتی کی لاش 20 سے زیادہ ٹکڑوں میں کٹی ہوئی ملی۔ جسم کے اعضا بالٹی اور ٹب اور برتنوں وغیرہ میں رکھے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق سرسوتی کے دونوں پیر کچن میں ملے۔ پولیس کو شک ہے کہ کہ ملزم منوج انھیں پانی میں ڈالنے کی تیاری کر رہا تھا لیکن جسم کے بعض حصے غائب بھی تھے۔
ایڈیشنل پولیس کمشنر پولیس شری کانت پاٹھک نے کہا کہ ’ہمیں شبہ ہے کہ وہ انھیں دھیرے دھیرے مختلف علاقوں میں پہلے ہی کہیں پھینک چکا ہے۔ لاش مسخ حالت میں ملی ہے۔ اندازہ یہ ہے کہ سرسوتی کو تین چار روز پہلے قتل کیا گیا ہے۔‘
پولیس نے دو آریاں بھی برآمد کی ہیں جن سے لاش کے ٹکڑے کیے گئے، ان میں ایک الیکٹرک آری ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ علاقے سے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا
اطلاعات کے مطابق منوج ساہنی نے دعویٰ کیا ہے کہ سروسوتی نے چار جون کو زہر کھا کر خودکشی کر لی تھی۔
اطلاعات کے مطابق اس نے پولیس کو بتایا ہے کہ ’جب اس نے سرسوتی کو مرا ہوا پایا اس وقت اس کے منھ سے جھاگ نکلا ہوا تھا۔‘
’اس پر وہ ڈر گیا کہ پولیس اسے سروسوتی کو خود کشی کرنے پر مجبور کرنے کے جرم میں گرفتار کر سکتی ہے چنانچہ اس نے لاش کے کئی ثکڑے کر کے انھیں ایک ایک کر کے پھینکنے کا فیصلہ کیا۔‘
پولیس افسر نے بتایا کہ ’ہم اس کے اس دعوے کی تفتیش کر رہے ہیں کہ سروسوتی نے زہر کھایا تھا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ساہنی اور سرسوتی کے درمیان اکثر لڑائی ہوتی رہتی کیونکہ منوج کو شک تھا کہ سرسوتی کے کسی سے تعلقات ہیں۔
قتل کے اس واقعہ سے ممبئی کی شردھا والکر کے قتل کی یاد تازہ ہو گئی جنھیں ان کے لِو ان پارٹنر آفتاب پونا والا نے مئی 2022 میں قتل کرنے کے بعد لاش کے 35 ٹکرے کر دیے تھی اور انھیں الگ الگ چگہوں پر پھنیک دیا تھا۔ آفتاب کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔