اہم خبریں

ٹک ٹاک: عمران خان کا موازنہ جنت مرزا سے کیوں ہو رہا ہے؟

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے نئے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر دو سے کم دنوں میں قریب 30 لاکھ سے زیادہ فالوورز کو ان کی جماعت تحریک انصاف نے ان کی مقبولیت کا ثبوت قرار دیا ہے تاہم یہ اعداد و شمار ایک تنازعے کو بھی جنم دے رہے ہیں۔

اگرچہ عمران خان نے دو دن قبل نوجوانوں میں مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹک ٹاک‘ کی دنیا میں قدم رکھا ہے تاہم نو مئی کو فوجی املاک اور تنصیبات پر حملوں کے بعد ملک کے مقامی ذرائع ابلاغ پر غیر اعلانیہ پابندی کا سامنا کرنے والے چیئرمین تحریک انصاف کے لیے سوشل میڈیا کوئی نئی چیز نہیں۔

پاکستان میں سیاسی جماعتوں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال میں تحریک انصاف آئے دن نت نئی حکمت عملی سامنے لاتی ہے۔

تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ’ٹک ٹاک پر صرف 26 گھنٹوں میں دو ملین فالوورز۔ ہم حقیقی معنوں میں عمران خان کے دور میں جی رہے ہیں۔‘

تحریک انصاف کے سوشل میڈیا لیڈ جبران الیاس کا کہنا ہے کہ ’عمران خان ایک برانڈ ہیں اور وہ جلد دوبارہ پاکستانیوں کے وزیر اعظم بن جائیں گے۔‘

عمران خان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بننے کے بعد ایک جانب جہاں ملک میں آئندہ انتخابی مہم میں سوشل میڈیا بشمول ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم کی اہمیت پر بات ہو رہی ہے وہیں ایک دلچسپ پہلو جنت مرزا سے سابق وزیر اعظم کے مقابلے کا بھی ہے۔

تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے دو دن کے قلیل عرصے میں جن اعداد و شمار کا حوالہ دیا گیا اس کے بعد بعض لوگوں نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ آیا ٹوئٹر کی طرح ٹک ٹاک پر بھی بوٹس یا جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے فالوورز اور ویوز حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

عمران خان کی ٹک ٹاک کے ذریعے انتخابی مہم کی تیاری؟

عمران خان نے 18 جولائی کو ایک ویڈیو پوسٹ کر کے ٹک ٹاک پر شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔

24 سیکنڈ کی اس ویڈیو کا عنوان تھا کہ ’میری سوشل میڈیا کی ٹیم نے مجھے ٹک ٹاک پر زبردست کلپس دکھائے جو نوجوانوں، حتی کہ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والوں، نے بنائے ہیں۔ میں نے یہ پلیٹ فارم جوائن کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ آپ سب سے رابطہ قائم کر سکوں۔‘

اس تشہیری کلپ پر اب تک 13 کروڑ سے زیادہ ویوز آچکے ہیں۔ ٹک ٹاک پر اس ’استقبال‘ پر عمران خان نے اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن الیکشن ہونے جا رہا ہے اور اس میں آپ نے شرکت کرنی ہے۔‘

امریکہ میں مقیم سوشل میڈیا لیڈ پی ٹی آئی جبران الیاس نے اسے ٹک ٹاک پر عمران خان کا ’گرینڈ ویلکم‘ قرار دیا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ سابق وزیر اعظم ایک برانڈ بن چکے ہیں جس کی بدولت انھیں ابتدائی طور پر 20 سے کم گھنٹوں میں ٹک ٹاک پر 10 لاکھ فالوورز اور 10 کروڑ ویوز مل گئے تھے۔

جبران الیاس نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ٹک ٹاک ’ڈور ٹو ڈور کیمپین کا متبادل ہوسکتی ہے۔‘

جہاں ایک طرف عمران خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کی تیزی سے بڑھتی فالوونگ کو سراہا جا رہا ہے وہیں بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ سابق وزیر اعظم کے فالوورز اور ویوز جعلی اکاؤنٹس یا بوٹس کا نتیجہ ہے۔

ماضی میں عمران خان کی سوشل میڈیا سے منسلک رہنے والے فرحان ورک کہتے ہیں کہ ’پاکستان میں کل ٹک ٹاک آڈینس 41 ملین ہے۔ پھر انھوں نے 100 ملین ویوز کیسے حاصل کر لیے؟ اس کا ایک ہی طریقہ ہوسکتا ہے، وہ آپ سب جانتے ہیں۔‘

اس کا ثبوت دینے کے لیے فرحان ورک نے بھی ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنایا جس کی پہلی ویڈیو پر ایک دن میں دو کروڑ سے زیادہ ویوز آئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’تحریک انصاف کی سوشل میڈیا کی بنا پر مقبولیت دکھانا اس ملک کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہے کیونکہ یہ سب مینیپولیٹ کیا جا سکتا ہے۔‘

’ٹک ٹاک پر عمران خان جنت مرزا کو مشکل وقت دیں گے‘

سوشل میڈیا پر بعض لوگ عمران خان کا موازنہ مشہور انفلوینسر جنت مرزا سے کر رہے ہیں جو دو کروڑ فالوورز کے ساتھ ٹک ٹاک پر سب سے مقبول پاکستانی ہیں۔ جیسے مقدس فاروق اعوان کہتی ہیں کہ ’کوئی جنت مرزا کو بتائے عمران خان ٹک ٹاک پر آ رہے ہیں۔‘

فہمیدہ نامی صارف نے کہا کہ ’عمران خان جنت مرزا کا مشکل وقت دیں گے۔‘

بعض صارفین نے آئندہ انتخابات میں سوشل میڈیا بشمول ٹک ٹاک کی اہمیت کا حوالہ دیا ہے۔ صحافی بلال غوری کا کہنا ہے کہ ’عمران خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنانے پر مسخر اُڑایا جا رہا ہے۔ لیکن جب سوشل میڈیا محاذ جنگ بن گیا تو سب سیاسی جماعتوں کوسوشل میڈیا سیل بنانا پڑے۔‘

مقدس نے کہا ہے کہ ’ٹک ٹاک پی ٹی آئی کی الیکشن کمپین اور عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘

صحر انورد نے کہا کہ ’اگر کوئی عمران خان کا ٹک ٹاک پر آنے کا مذاق اڑا رہا ہے تو اس کے ثمرات بھی آنے والے دنوں میں دیکھ لیجیے گا۔ پاکستان کے 90 فیصد صارفین ٹک ٹاک استعمال کرتے ہیں۔۔۔ ایک ماہ کے اندر ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ مشہور سیاستدان ہوگا اور اس کا پروپیگنڈا ہر ہاتھ میں موجود فون کے ذریعے لوگوں تک پہنچے گا۔‘

رائے ثاقب کھرل نے اپنی رائے دی کہ ’عمران خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کا شور ہے ہر طرف: ہو سکتا تھا ویوز وغیرہ میں کوئی فنکاری ہو لیکن جب پانچ لاکھ بتیس ہزار کمنٹس اور تقریبا تین لاکھ شیئرز دیکھے تو کافی سارے سوالوں کے جواب مل گئے۔‘

سیف اعوان نامی صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کو چاہیے آئندہ الیکشن کے بیلٹ پیپر پر ایک خانہ ٹک ٹاک کے وزیراعظم کے لیے لازمی رکھے جس میں ملک بھر سے صرف دو امیدوار ہوں: جنت مرزا اور عمران خان۔‘