اہم خبریں

میچ فکسنگ کے الزامات سے انڈین کرکٹ کو بام عروج پر پہنچانے والے ’گاڈ آف دی آف سائیڈ‘ سورو گنگولی

’گنگولی جانتے ہیں کہ کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کو کیسے پہچانا جائے، کس طرح ان کی حوصلہ افزائی کی جائے، کس طرح ان کی حمایت کی جائے اور انھیں آزادی دی جائے۔ یہی وجہ ہے کہ گنگولی ایک کامیاب کپتان ثابت ہوئے۔‘

گنگولی کی 50 ویں سالگرہ پر ’لٹل ماسٹر‘ کے نام سے مشہور سچن ٹنڈولکر کے یہ قابل فخر الفاظ گنگولی کے بارے میں بہت کچھ کہتے ہیں۔

اتنے سارے نام؟

آج بھی ان کے مداح سورو گنگولی کو ’انڈین کرکٹ کا مہاراجہ‘، ’گاڈ آف آف سائیڈ‘، ’پرنس آف کولکتہ‘ اور ’دادا‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔

انھوں نے بلا جھجک انڈین کرکٹ کی روایات کو توڑا۔ وہ فطرتاً زندہ دل شخصیت کے مالک ہیں۔ گنگولی کی 51 ویں سالگرہ آٹھ جولائی کو منائی جارہی ہے۔

گنگولی اس لحاظ سے منفرد ہیں کہ ایک کرکٹر کے طور پر ان کے مداحوں نے بہت سے ناموں سے انھیں پکارا ہے۔

انڈین کرکٹ کا سنہری دور

گنگولی میدان پر جارحیت، جوش و جذبہ اور غصے کا مرکب رہے ہیں۔ گنگولی انڈین ٹیم کے اپنے زمانے کے سب سے کامیاب کپتان رہے ہیں۔ انھوں نے اظہرالدین کے ریکارڈ کو بہتر کیا تھا۔

سورو گنگولی کی کپتانی کے دور سنہ 2000 سے 2005 تک کے عرصے کو انڈین ٹیم کا سنہری دور بھی کہا جاتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ اگلے کپتان دھونی نے گنگولی کے بنائے راستے پر سفر کیا اور انڈین ٹیم کو ورلڈ کپ جتوایا۔ یوراج سنگھ، سہواگ، گمبھیر، نہرا، ظہیر خان، ہربھجن سنگھ، دھونی وغیرہ گنگولی نے تراشے تھے۔

اگر گنگولی نامی شخص انڈین ٹیم کی کپتانی نہ کرتا تو انڈین ٹیم 2000 کے کرکٹ بیٹنگ سکینڈل کے بعد اپنی چمک کھو بیٹھتی۔ یہ کہنا کوئی مبالغہ آرائی نہیں کہ کپتان گنگولی وہ شخص ہیں جنھوں نے انڈین کرکٹ کو از سر نو تعمیر کیا، اسے عروج پر پہنچایا، نوجوانوں کو پروان چڑھایا اور ٹیم میں نیا خون بھرا۔

جب انڈین ٹیم نے دھونی کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتا تو ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی گنگولی کی ورکشاپ میں بنائے اور تراشے گئے تھے۔

فٹ بال سے کرکٹ تک۔۔۔

سورو گنگولی آٹھ جولائی سنہ 1972 کو مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں چندیداس اور نیروپا گنگولی کے گھر پیدا ہوئے۔

ان کا تعلق کولکتہ کے ایک متمول خاندان سے ہے اور گنگولی کو بچپن سے ہی فٹبال کے کھیل کا جنون تھا۔

لیکن گنگولی کے بڑے بھائی سنیہاشیش گنگولی ان کی کرکٹ سے بہت متاثر ہوئے اور گنگولی نے بھی اپنی توجہ کرکٹ کی طرف مبذول کر دی۔

لیکن ماں نروپا نہیں چاہتی تھیں کہ کولکتہ کے شہزادے گنگولی کی زندگی کھیلوں کے گرد گھومے۔ لیکن اپنے بھائی کے تعاون سے، گنگولی نے کرکٹ کی مناسب تربیت حاصل کی اور ایک عظیم کھلاڑی بن گئے۔

دایاں نہیں، بایاں درست ہے۔۔۔

جب گنگولی نے کرکٹ کی تربیت لی تو وہ دائیں ہاتھ کے بلے باز تھے۔ لیکن انھیں اپنے دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے میں قدرے مشکل پیش آ رہی تھی اس لیے انھوں نے اپنے بائیں ہاتھ سے بیٹ تھامنا شروع کر دیا۔

انھوں نے بائيں ہاتھ سے منظم طریقے سے بلے بازی کی مشق کی کیونکہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنا ان کے لیے عجیب تھا۔

انڈر 15 کرکٹ میں سینٹ زیویئرز سکول کی کپتانی کرتے ہوئے گنگولی نے محسوس کیا کہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ ہی ان کے لیے ٹھیک ہے۔ اور انھوں نے اڑیسہ کے خلاف سنچری سکور کی۔

گنگولی کو 1989 میں مغربی بنگال کی ٹیم میں منتخب کیا گیا۔ 1990-91 کے رانجی سیزن میں وہ اپنی شاندار کارکردگی سے سرخیوں میں آئے

ایک تجرباتی پیش قدمی

انڈین ٹیم نے 1992 میں اظہر الدین کی قیادت میں آسٹریلیا کا دورہ کیا۔ سورو گنگولی نے برسبین کے گابا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میں اپنا ڈیبیو کیا۔

کپل دیو اور سری کانت جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ 19 سال کی عمر میں میدان میں اترنے والے گنگولی پہلے میچ میں چھٹے کھلاڑی کے طور پر بیٹنگ کرنے آئے اور تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پہلا میچ گنگولی کے لیے ایک امتحان تھا، جنھوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور ٹیم کے اندر سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹکراؤ کے رجحان کی وجہ سے سیریز کے بعد ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔

انڈین ٹیم میں ایک بار پھر موقع

لیکن گنگولی کی سخت محنت اور سخت تربیت کی وجہ سے وہ 1993، 1994 اور 1995 کے رانجی ٹرافی کے سیزن میں بہت کامیاب رہے۔

خاص طور پر 1995-96 کی دلیپ ٹرافی میں گنگولی کے 171 رنز نے انھیں انڈین ٹیم کا مضبوط ترین دعویدار بنا دیا۔

اس کے بعد سنہ 1996 میں گنگولی کو انڈین ٹیم میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دورے کے لیے منتخب کیا گیا۔ پہلے ٹیسٹ میں گنگولی کو موقع نہیں دیا گیا اور اس میں انگلینڈ نے جیت حاصل کی۔

دوسرے ٹیسٹ میں نوجوت سدھو اچانک وطن واپس آگئے اور ان کی جگہ گنگولی نے بطور اوپنر آغاز کیا۔ انھوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈیبیو کیا اور یکے بعد دیگرے دو سنچریاں بنا کر سب کو متاثر کیا۔

ڈیبیو ٹیسٹ میں لگاتار سنچریاں

گنگولی نے لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں اپنا ڈیبیو کیا اور اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری (131) بنائی۔ اسی میچ میں راہول ڈریوڈ نے بھی ڈیبیو کیا اور 95 رنز بنائے۔ گنگولی نے ٹرینٹ برج کے تیسرے ٹیسٹ میں 136 رنز بنا کر اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا۔

گنگولی دنیا کے بہترین بلے باز کالی چرن اور لارنس روے کے بعد پہلی اور دسری اننگز میں سنچری بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔

یہی نہیں، گنگولی کی بلے بازی کی نفاست، بلے بازی کا انداز، شاٹس، اور آف سائیڈ پر لگائے جانے والے شاٹس کی ٹائمنگ کو شائقین اور ناقدین نے خوب سراہا تھا۔ کرکٹ کی دنیا نے گنگولی کو پہچاننا اور منانا شروع کر دیا۔

گنگولی پاکستان کے خلاف 1997 کی سیریز میں لگاتار چار مین آف دی میچ ایوارڈ جیتنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ 1999 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف ڈراوڈ اور گنگولی کی 318 رنز کی شراکت نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل پیدا کر دی تھی۔ گنگولی نے سری لنکا کے خلاف 183 رنز بنائے۔

’انڈین کرکٹ کے مہاراجہ‘ کا تاج

سال 1999-2000 انڈین کرکٹ کی تاریخ کا سب سے داغدار دور تھا۔

سٹے بازی کے الزامات عالمی کرکٹ کو داغدار کررہے تھے۔ انڈین ٹیم بھی اس طوفان کی لپیٹ میں تھی۔ محمد اظہرالدین اور اجے جڈیجہ پر الزامات عائد کیے گئے اور پابندی عائد کردی گئی۔

سٹے بازی اور سپاٹ فکسنگ نے ’جینٹل مینز گیم‘ کو مجروح کیا اور شائقین میں کرکٹ کا جذبہ اور دلچسپی اچانک کم ہونے لگی اور اسے بڑی بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کرکٹ کی قدر نہ صرف بین الاقوامی سطح پر بلکہ انڈیا میں بھی گر گئی۔

یہ ایک ایسا مشکل وقت تھا جب ہندوستان میں شائقین کا کرکٹ میں عدم اعتماد نظر آيا اور اسی دوران سورو گنگولی کو انڈین ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔

گنگولی اور ڈراوڈ

انڈین ٹیم کی تکڑی

جب گنگولی کو کپتان مقرر کیا گیا تو انڈین ٹیم کے تین بلے باز سچن، گنگولی اور ڈریوڈ تھے۔ یوراج سنگھ، اور ظہیر خان اپنے ابتدائی دور میں تھے، بولنگ کے شعبے میں صرف وینکٹیش پرساد ہی امید افزا نظر آئے۔

گنگولی کو انڈین کرکٹ کی شبیہ کو بحال کرنے کا کام سونپا گیا جو بدنامی کے سیاہ بادل میں گھرا تھا۔

گنگولی نے آسٹریلیا کی جیت پر لگام لگا دی

گنگولی کے کپتانی سنبھالنے کے بعد انڈین ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز جیتی اور 2000 میں آئی سی سی ناک آؤٹ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

اس وقت سٹیو وا کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم نے عالمی کرکٹ میں دھوم مچا رکھی تھی۔ انھوں نے اپنی سرزمین پر کسی بھی ٹیم کے خلاف ریکارڈ 16 ٹیسٹ میچ جیتے تھے۔ لیکن گنگولی کی قیادت میں انڈین ٹیم نے 2001 میں انڈیا کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کو شکست دی اور آسٹریلیا کی جیت کا سلسلہ توڑ دیا۔

صرف یہی نہیں، اسی سیریز میں ایک نوجوان سپنر ہربھجن سنگھ کو گنگولی نے پہچانا اور انڈین ٹیم میں شامل کیا۔ ہربھجن سنگھ ٹیسٹ سیریز میں ہیرو رہے ہیں۔

ٹیم انڈیا، ایک تجرباتی ورکشاپ

گنگولی نے بطور کپتان رائج کنونشنز کو توڑا اور نئی چیزوں کو نافذ کیا، ٹیم میں نیا خون شامل کیا۔ گنگولی نے ماہر وکٹ کیپر نین مونگیا کو ڈراپ کیا اور سباکریم جیسے وکٹ کیپر بلے باز کو موقع دیا۔ جب وہ بھی ناکام رہے تو ڈراوڈ سے کیپنگ کروائی۔

جب سہواگ مڈل آرڈر میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہے تھے تو گنگولی کے ڈرامائی فیصلے نے سہواگ کے کریئر اور انڈین ٹیم کی پوزیشن کو الٹ دیا۔ گنگولی نے سچن کے ساتھ سہواگ سے اوپننگ کرائی جو کہ بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔

گنگولی نے سہواگ کے لیے اپنی جگہ چھوڑ دی تھی۔ سہواگ کے لیے ان کا فیصلہ ایک بڑا اور فیصلہ تھا کیونکہ ایک ایسے وقت میں جب سچن-گنگولی کی اوپننگ شراکت بین الاقوامی سطح پر شاندار کارنامے انجام دے رہی تھی، گنگولی نے ٹیم کے مفاد میں اپنی پوزیشن چھوڑ دی اور تین نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے۔

اتنا ہی نہیں، جب انڈین ٹیم کو مڈل آرڈر میں ضرب پہنچی تو انھوں نے اس کے لیے عرفان پٹھان اور دھونی کو تیسرے اور چوتھے نمبر پر آزمایا۔

ایک انٹرویو میں سہواگ نے فخریہ انداز میں گنگولی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ گنگولی ہی تھے جنھوں نے بیرونی دنیا کو ثابت کیا کہ دھونی میں بلے بازی کی صلاحیت ناقابل تردید ہے۔

یادگار نیٹ ویسٹ سیریز

گنگولی کی کپتانی میں نیٹ ویسٹ سیریز کی جیت کو کوئی نہیں بھول سکتا۔ اینڈریو فلنٹوف نے دورہ انڈیا کے دوران ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں انگلینڈ کی جیت کا جشن منانے کے لیے اپنی شرٹ اتار دی تھی۔

اس کے جواب میں جب انڈین ٹیم نے محمد کیف اور یوراج سنگھ کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کے خلاف نیٹ ویسٹ سیریز جیت لی تو لارڈز کی بالکونی پر کھڑے کپتان گنگولی نے جیت کا جشن منانے کے لیے اپنی شرٹ اتار کر جواب دیا جو آج بھی لوگوں کے ذہن میں نقش ہے۔

1983 میں انڈین ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انڈین ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل تک نہیں پہنچ پائی تھی۔ تاہم، 2003 کے ورلڈ کپ میں گنگولی کی قیادت میں انڈین ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

لیکن آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں ان کی ٹیم بری طرح سے ہار گئی۔ سنہ 1983 کے تقریباً 20 سال بعد انڈین ٹیم گنگولی کی قیادت میں ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی۔ اس سیریز میں کپتان اور بلے باز کے طور پر چمکنے والے گنگولی نے تین سنچریوں کے ساتھ 465 رنز بنائے۔

ورلڈ کپ جیتنا ‘دادا’ کی کپتانی کا ایک بڑا کارنامہ ہوتا، لیکن آسٹریلیا کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ان کی ٹیم ہار گئی۔

’گاڈ آف آف سائیڈ‘ نام کیسے پڑا؟

آف سائیڈ اور کور شاٹس میں گنگولی کے شاٹس کو کوئی بھی فیلڈر آسانی سے روک نہیں پاتا تھا۔ جیسے ہی گیند گنگولی کے بیٹ سے ٹکراتی بجلی کی رفتار سے باؤنڈری کی طرف چلی جاتی۔ آف سائیڈ پر، گنگولی بیک فٹ اور فرنٹ فٹ دونوں جگہ سے کھیلنے کے جانے جاتے ہیں۔

بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ راہول ڈراوڈ جنھیں ‘وال آف انڈیا’ کہا جاتا تھا انھوں نے ہی گنگولی کو ‘گاڈ آف دی آف سائیڈ’ کا نام دیا تھا۔

گنگولی کی کپتانی کا ‘سنہری دور’

انڈین ٹیم کے کپتان کے طور پر گنگولی کے دور میں انڈیا کو کئی کامیابیاں ملیں۔ خاص طور پر ٹیسٹ میچوں میں، 2000 سے 2005 تک، انڈین ٹیم نے 21 ڈومیسٹک ٹیسٹ میچ کھیلے اور 11 میچ جیتے اور صرف 3 میچ ہارے۔

گنگولی نے کل 49 ٹیسٹ میں کپتانی کی، 21 جیتے اور صرف 13 ہارے۔

انڈین ٹیم نے 36 ڈومیسٹک ون ڈے میں سے 18 جیتے اور 18 ہارے۔ انڈین ٹیم نے گنگولی کی قیادت میں بیرون ملک 51 میچ کھیلے اور 24 جیتے اور 24 ہارے۔ گنگولی کی قیادت میں 146 ون ڈے میچوں میں انڈین ٹیم نے 76 جیتے اور 65 ہارے۔ یہ کوئی مبالغہ آرائی نہیں ہے کہ گنگولی کی کپتانی نے انڈین ٹیم کی مجموعی ٹیسٹ اور ون ڈے جیت کا فیصد 50 فیصد سے زیادہ رہا ہے۔

2003 کے ورلڈ کپ کے بعد گنگولی کا زوال شروع ہو گيا۔ خراب فارم کی وجہ سے گنگولی کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا اور کپتانی راہول ڈریوڈ کو سونپ دی گئی۔

بہر حال سٹے میں پھنسی انڈین ٹیم کی شبیہ کو زندہ کرنے کا سہرا صرف ایک گنگولی کے پاس ہے۔ انڈین ٹیم کے عروج کے لیے مختلف تجربات کرنے والے گنگولی انڈین ٹیم کے لیے ایک بھی آئی سی سی ٹرافی نہیں جیت سکے۔

صرف گنگولی ہی تھے جنھوں نے بہت سے نوجوان کھلاڑیوں، تیز گیند بازوں اور سپنروں کو انڈین ٹیم میں متعارف کروا کر بین الاقوامی میدان میں انڈین ٹیم کا چہرہ بدل دیا۔ انڈین ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا اور اب گنگولی کی کپتانی اور ان کی متعارف کردہ نئی اصلاحات کی بدولت اچھا کھیل رہی ہے۔

گریگ چیپل اور گنگولی

کئی سابق کھلاڑیوں نے انڈین ٹیم کے کوچ کے طور پر گریگ چیپل کے دور کو ایک سیاہ دور قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔ خاص طور پر چیپل اور گنگولی کے درمیان تنازع کا گنگولی کی بیٹنگ پر برا اثر پڑا۔ گنگولی کے بارے میں بی سی سی آئی کو چیپل کی ای میل اور اس میں لگائے گئے الزامات نے گنگولی کے لیے بڑی پریشانی کا باعث بنی۔

بی سی سی آئی نے دونوں فریقوں کو منانے کی کوشش کی۔ لیکن اس معاملے کے بعد گنگولی کی بیٹنگ فارم خراب ہوگئی اور انھیں ٹیم سے نکال دیا گیا۔ جس کے بعد ٹیم سے باہر ہونے والے گنگولی نے اپنی توجہ ڈومیسٹک میچوں اور رنجی کی طرف موڑ دی۔ گنگولی نے 10 ماہ میں پھر انڈین ٹیم میں واپسی کی۔

جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز میں ان کی فطری شکل سامنے آنے کے بعد انھیں ون ڈے سیریز اور پھر 2007 کی ورلڈ کپ سیریز میں شامل کیا گیا۔ 2007 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں گنگولی کی ڈبل سنچری نے کولکتہ ٹائیگرز کو فارم میں واپس لا دیا تھا اور شائقین پرجوش تھے۔

لیکن گنگولی اپنی شہرت کے عروج کے وقت کرکٹ چھوڑنے کے لیے پرعزم تھے۔ انھوں نے 2008 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

گنگولی ہی تھے جنھوں نے کرسٹن کے بعد انیل کمبلے کو انڈین ٹیم کا کوچ قرار دیا۔ لیکن یہ ایک الگ کہانی تھی جب کمبلے نے مختلف وجوہات کی وجہ سے آدھے راستے میں ہی چھوڑ دیا۔

بی سی سی آئی کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد، گنگولی کی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچوں کے انعقاد میں تیزی، کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافہ، رنجی ٹرافی کے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں اضافہ، خواتین کی کرکٹ پر زور نے انڈین کرکٹ کو ایک نئے دور میں پہنچا دیا ہے۔

گنگولی کے ریکارڈز

سورو گنگولی نے انڈین ٹیم کے لیے 311 ون ڈے کھیلے اور 11,363 رنز بنائے جن میں 32 سنچریاں اور 72 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ گنگولی نے 113 ٹیسٹ میچوں میں 7,212 رنز بنائے ہیں جن میں 16 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گنگولی جو کہ ایک میڈیم تیز گیند باز بھی رہے ہیں، انھوں نے بھی بین الاقوامی میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

گنگولی کے بیرون ملک میں پہلے وکٹ کے لیے 255 رنز آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔ دونوں نے مل کر 136 میچوں میں 7000 رنز بنائے ہیں۔ انھوں نے 26 مرتبہ 100 سے زائد رنز اور 44 مرتبہ 50 سے زائد رنز کی شراکتیں قائم کیں۔