آئرلینڈ کے شہر ڈبلن کے ایک گالف کلب میں حادثاتی طور پر گولی لگنے سے 40 سال سے زائد عمر کا ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کا خیال ہے کہ اس علاقے میں شکار کرنے والے ایک شخص نے اس شخص کو جانور سمجھ کر اس پر گولی چلا دی۔
فائرنگ کا یہ واقعہ کِلسلاغان کے علاقے میں واقع کورسٹاؤن گالف کلب میں مقامی وقت کے مطابق رات کے تقریباً 11 بجے پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شخص کے جسم کے اوپری حصے میں گولی لگی تھی جو اس وقت ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج ہیں تاہم حکام کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
آئرلینڈ کے میڈیا آر ٹی ای کی خبر کے مطابق بہت سے لوگ اس علاقے میں شکار کے لیے نکلے ہوئے تھے جبکہ ایک الگ گروپ جھیل کے قریب گالف کی گیندوں کو تلاش کر رہا تھا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ شکاریوں میں سے ایک نے اندھیرے میں کسی چیز کو حرکت کرتے ہوئے دیکھا تو اسے جانور سمجھ کر گولی چلا دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔