اہم خبریں

’بیونسے ایفیکٹ‘: گلوکارہ کے کانسرٹ کی اتنی دھوم کہ مہنگائی بڑھ گئی

اگر آپ کو لگتا ہے کہ مہنگائی کی وجہ روس یوکرین جنگ اور اس کے باعث سپلائی چین میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں ہیں تو آپ کو بیونسے کے بارے میں علم نہیں۔

گلوکارہ بیونسے اس وقت ایک بین الاقوامی دورے پر ہیں، جس کے دوران وہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کانسرٹ کریں گی تاہم ان کے گذشتہ ماہ سویڈن کے دورے کے دوران ملک میں اتنی ہلچل مچی اور ہوٹلوں اور ریستوارانوں کی طلب میں اتنا اضافہ دیکھنے کو ملا کہ یہ ملک کہ معاشی اعداد و شمار میں بھی نظر آیا۔

مئی میں سویڈن میں مہنگائی کی شرح 9.7 فیصد رہی جو اندازوں سے زیادہ تھی۔ اس سرپرائز کے پیچھے ہوٹلوں اور ریستورانوں کی سروسز کی قیمتوں میں اضافہ اہم وجہ تھی۔

دانسکے بینک میں معاشی امور کے ماہر مائیکل گراہن کا کہنا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ بیونسے بھی ہوٹلوں کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجہ تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کے خیال میں بیونسے تفریح اور ثقافت سے متعلق مصنوعات اور سروسز کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجہ تھیں۔

انھوں نے بی بی سی کو ایک ای میل کے ذریعے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں بیونسے کو مہنگائی میں اضافے کے لیے قصور وار نہیں ٹھہراتا لیکن ان کی پرفارمنس اور دنیا بھر سے ان کو سویڈن میں پرفارم کرنے کی ڈیمانڈ نے اس حوالے سے مدد ضرور ک۔‘

اس میں زیادہ شک نہیں کہ گلوکارہ کا سات برس میں پہلا دورہ معاشی طور پر ایک اہم لمحہ ضرور ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ان کا یہ دورہ ستمبر میں اختتام تک دو ارب پاؤنڈ کمانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔

ایئر بی این نی کے مطابق جب بیونسے کے دورے کی تاریخوں کا اعلان ہوا تو جن شہروں میں ان کے کانسرٹ ہونا تھے وہاں رہنے کی جگہیں ڈھونڈنے میں تیزی آ گئی۔ کانسٹرس کے لیے ٹکٹس چند ہی روز میں فروخت ہو گئے اور ان کی ری سیل مارکیٹ میں قیمتوں میں چند ہی روز میں مزید اضافہ دیکھنے کو ملا۔

برطانیہ میں کارڈف شہر میں 60 ہزار سے زیادہ افراد مختلف ممالک سے ان کے کانسرٹ کے لیے آئے۔ ان میں لبنانی، امریکی اور آسٹریلوی باشندے شامل تھے۔ لندن میں ان کے کانسرٹ کے باعث ہوٹل کے کمروں کی ڈیمانڈ اتنی بڑھ چکی تھی کہ ایک موقع پر کچھ بے گھر افراد جنھیں مقامی کونسل کی جانب سے ایک ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تھا، کو مبینہ طور پر ہوٹل بدر کر کے بیونسے کے مداحوں کو جگہ فراہم کی گئی۔

سٹاک ہوم، جہاں بیونسے نے 46 ہزار افراد کے لیے دو راتوں کو کانسرٹ کیے، وہاں دنیا بھر سے لوگوں نے شرکت کی، خاص طور پر امریکہ سے کیونکہ مقامی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قدر زیادہ ہے اس لیے یہاں ٹکٹس کی قیمتیں سستی ہوتی ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کو گذشتہ ماہ کی گئی ای میل میں وزٹ سٹاک ہوم نے شہر میں سیاحت میں اضافے کو ’بیونسے ایفیکٹ‘ کا نام دیا گیا۔

سویڈن میں دسمبر میں مہنگائی 12.3 فیصد تھی۔ گذشتہ ماہ کی 9.7 فیصد مہنگائی اپریل کی 10.5 فیصد کے اعدادوشمار سے کم تھی تاہم فنانشل مارکیٹس کی جانب کے اندازوں کے مطابق یہ 9.4 ہونی چاہیے تھی۔

گراہن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک سٹار کا اتنا زیادہ اثر ہونا کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے اور عام طور پر اس طرح کا اثر بڑے فٹبال ٹورنامنٹس کا ہوتا ہے۔

انھوں نے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وہ اس ٹرینڈ کو جون میں معمول پر آتا دیکھ رہے ہیں۔