کہا جاتا ہے کہ جس کمرے میں امرتا داخل ہوتی تھیں وہاں بات چیت رک جاتی تھی۔ لوگوں کی سانسیں تیز ہو جاتیں اور سب انھیں دیکھنے لگتے۔
امرتا بالا خوبصورت، دبلی پتلی اور نازک تھیں۔ اکثر وہ چمکدار سرخ بلاؤز کے ساتھ چمکیلی سبز ساڑھی پہنتی تھیں۔ زیور کے طور پر، ان کے کان سے صرف تبتی بالی لٹکتی تھی۔ ان کے کالے بال ہمیشہ کانوں کو ڈھانپے رہتے۔ ان کی پیشانی پر ایک بِندی ہوتی اور آنکھوں میں ہر وقت چمک رہتی تھی۔ وہ تنہا رہنے کو ترجیح دیتی تھیں۔
یشودھرا ڈالمیا اپنی امرتا شیر گل کی سوانح عمری میں لکھتی ہیں، ’وہ پیدائش سے ہی غیر معمولی تھیں۔ لمبے ریشم جیسے بال، بڑی بڑی آنکھیں، چوڑی پیشانی، وہ بچپن میں رونا نہیں جانتی تھیں۔‘
وہ مزید لکھتی ہیں، ’امرتا کو سب سے زیادہ خوشی اس وقت ہوئی جب انھوں نے اپنی چھوٹی بہن اندرا کو نہاتے ہوئے دیکھا۔ تقریباً پانچ سال کی عمر میں انھوں نے رنگین پنسلوں سے ڈرائنگ شروع کی۔ زبانیں جلدی سیکھنے میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں تھا۔ فرانسیسی کے علاوہ اطالوی، انگریزی، ہنگری، ہندی اور پنجابی پر بھی انھیں عبور حاصل تھا۔
مصوری کے بعد موسیقی ان کی دوسری محبت تھی۔ وہ پیانو بجاتی تھیں۔ ان کے شوہر وکٹر ایگن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’جب بھی وہ خراب موڈ میں ہوتیں یا افسردہ ہوتیں تو وہ گھنٹوں اکیلے پیانو بجاتیں۔ اس کے بعد وہ بہت بہتر محسوس کرتیں۔‘
امرتا کی پینٹنگ ’ینگ گرلز‘ کے لیے گولڈ میڈل
امرتا ایک امیر سکھ عمراؤ سنگھ اور ہنگری خاتون اینٹونیٹ شیرگل کی بیٹی تھیں۔ وہ 30 جنوری 1913 کو ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ میں پیدا ہوئیں۔
فن کی طرف ان کا جھکاؤ دیکھ کر ان کے والدین انھیں پیرس لے گئے تاکہ وہ وہاں مصوری کی باقاعدہ تعلیم حاصل کر سکیں۔ امرتا جب پیرس پہنچیں تو ان کی عمر صرف 16 برس تھی۔
انھوں نے اگلے پانچ سال پیرس میں گزارے۔ ان دنوں ونسنٹ وان گو اور پال گاوگین ان کے پسندیدہ مصور تھے۔ پیرس میں رکھی مونالیزا کی پینٹنگ نے انھیں بہت متاثر کیا تھا۔
انھیں سیلف پورٹریٹ بنانے کا بہت شوق تھا۔ وہ اکثر اپنی خوبصورتی کی خود ناظر بنی رہتیں۔
سنہ 1932 میں ان کی پینٹنگ ’ینگ گرلز‘ نے گرینڈ سیلون کا گولڈ میڈل جیتا۔ ان کی بہن اندرا اور ان کی دوست ڈینس پروٹو نے اس پینٹنگ کی ماڈلنگ کی۔
امرتا ایک قصہ سناتی تھیں، ’سلونہ کے جیوری ممبران میں سے ایک نے مجھے دیکھ کر کہا کہ تم ابھی بچی ہو، یہ کیسے ممکن ہے کہ تم نے یہ پینٹنگ بنائی ہو؟ ہم نے سوچا کہ جس شخص نے پینٹنگ بنائی ہے اس کی عمر کم از کم 30 سال ہونی چاہیے۔ لگتا ہے آپ نے جھولے میں ہی پینٹ کرنا سیکھا ہے۔‘
یوسف علی خان سے منگنی ٹوٹ گئی
امرتا کی ماں چاہتی تھیں کہ وہ کسی رئیس سے شادی کر لیں۔ ان دنوں اتر پردیش کے ایک رئیس یوسف علی خان پیرس میں مقیم تھے۔ دیکھنے میں اچھے تھے۔ ان کے والد راجہ نواب علی سیتا پور کے دوست تھے۔
انھوں نے لکھنؤ میں مارس کالج آف انڈین میوزک قائم کیا جسے بعد میں بھاتکھنڈے کالج کہا گیا۔ امرتا اپنی والدہ کی حوصلہ افزائی کرنے پر یوسف کے رابطہ میں آئیں اور دونوں کی منگنی ہو گئی۔ لیکن دونوں کی فطرت میں زمین آسمان کا فرق تھا۔
اپنی والدہ کو لکھے گئے خط میں امرتا نے لکھا، ’یوسف مجھ سے وفادار نہیں ہیں۔ وہ نہ صرف وکٹر کی بہن ووئیلا سے پیار کرتی ہیں، بلکہ ان کی نظریں سڑک پر چلنے والی ہر خوبصورت لڑکی پر ہوتی ہیں۔‘
امرتا نے یوسف کے ساتھ اپنی منگنی توڑ دی۔ امرتا کا خوف درست ثابت ہوا۔ یوسف نے بعد میں تین شادیاں کیں۔ پہلی ایک انگریز لڑکی روتھ تھی جسے انھوں نے طلاق دے دی۔ اس کے بعد انھوں نے بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نواب مرزا کی بیٹی فخر النساء رانی سے شادی کی۔ اسے بھی طلاق دینے کے بعد، انھوں نے ایک اینگلو انڈین لڑکی ایلسا ولیمز سے شادی کی۔
امرتا کے سوانح نگار این اقبال سنگھ ان کی سوانح عمری میں لکھتے ہیں، ’یوسف کے واقعے کا اثر یہ ہوا کہ انھوں نے مردوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو سنجیدگی سے لینا چھوڑ دیا۔ وہ لاپرواہ ہو گئیں اور کئی مردوں سے تعلقات رکھنے لگیں۔‘
بہت سی عورتوں اور مردوں کے ساتھ محبت کے معاملات
آگے چل کر امرتا کو بہت سے لوگوں سے پیار ہوا جن میں مرد اور عورتیں دونوں شامل تھے۔ ان میں سے ایک ایڈتھ لینگ تھیں، جو پیرس میں پیانو سیکھتی تھیں۔
وہ امرتا سے عمر میں کافی بڑی تھیں۔ اس وقت ان کی عمر 27-28 سال ہو گی۔ انھیں امرتا سے پیار تھا۔
اقبال سنگھ لکھتے ہیں،’بعد میں امرتا کو اس ہم جنس پرست تعلق کی وجہ سے کافی شرمندگی اٹھانا پڑی۔ ایک بار جب وہ ایڈتھ کے ساتھ بستر پر تھیں، میری لوئس اچانک بغیر دستک دیے ان کے کمرے میں داخل ہوئیں اور وہ رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں۔‘
’اس وقت امرتا کی عمر 21 سال تھی۔ اس کے بعد بورس ٹسلٹزکی ان کے ساتھ رابطے میں آئے۔ انھوں نے کھلے عام اعلان کیا کہ وہ امرتا سے محبت کرتے ہیں۔ لیکن امرتا کی والدہ کو یہ رشتہ پسند نہیں تھا۔‘
بعد ازاں بورس تسلٹزکی نے یشودھرا دمیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا، ’میں ان کی محبت میں گرفتار تھا، کچھ دنوں تک انھوں نے رد عمل دیا، پھر ایک دن انھوں نے مجھے بتایا کہ انھیں ہنگری میں اپنے کزن ایگن وکٹر سے محبت ہو گئی ہے۔ اور وہ ان سے شادی کریں گی۔‘
کزن وکٹر ایگن سے شادی کرنا
شادی سے پہلے امرتا نے ایگن کو کئی خطوط لکھے تھے۔ یہ خطوط اکثر آسمانی رنگ کے کاغذ پر سیاہی سے بہت چھوٹے حروف میں لکھے جاتے تھے۔ ان کو پڑھنا کسی کے لیے بھی مشکل تھا۔
وکٹر اور امرتا نے شادی سے پہلے کچھ عجیب و غریب معاہدے کیے تھے۔ پہلا معاہدہ یہ تھا کہ وہ بچے پیدا نہیں کریں گے۔ اس لیے نہیں کہ وہ میرے کزن تھے بلکہ اس لیے کہ وہ بچے پیدا نہیں کرنا چاہتے تھے۔
دوسرا معاہدہ یہ تھا کہ امرتا کو دوسرے مردوں سے تعلقات رکھنے کی آزادی ہوگی۔
وکٹر کو یہ بالکل بھی عجیب نہیں لگا کیونکہ وہ تب تک سمجھ چکے تھ کہ جنسی تنوع امرتا کی شخصیت کا حصہ بن چکا ہے۔
ان کی شادی بغیر کسی دھوم دھام کے 16 جولائی 1938 کو بوڈاپیسٹ میں ہوئی۔
وکٹر نے بعد میں اعتراف کیا کہ ان کی شادی کے ابتدائی چند سالوں میں، امرتا نے انھیں چھوڑنے یا کہیں اور جانے کی کوئی خواہش ظاہر نہیں کی تھی۔
جب وکٹر نے گورکھپور کے قریب سرایا کی شوگر فیکٹری میں اپنی پریکٹس شروع کی تو اسے 160 روپے تنخواہ ملتی تھی۔
اس کے علاوہ امرتا کو اپنے گھر والوں سے 100 روپے ملتے تھے۔ سستے دور میں بھی ان کے لیے اتنی رقم کم پڑ جاتی تھی۔
امرتا نے اپنی ماں کو لکھے خط میں لکھا، ’اتنے کم پیسوں سے گھر چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ہمارے پاس برتن، پلیٹ، چائے کے کپ اور پردے خریدنے کے پیسے نہیں ہیں۔‘
جنسی آزادی کی حامی
امرتا کے چاہنے والوں کی ایک لمبی فہرست تھی، جن میں کارل کھنڈال والا، اقبال سنگھ، آئی سی ایس افسر بدرالدین طیب جی، آل انڈیا ریڈیو کے ڈائریکٹر رشید احمد اور سٹیٹس مین کے نامہ نگار میلکم میگریج شامل تھے۔
رشید احمد بعد میں پاکستان چلے گئے جہاں وہ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔
رشید احمد نے ان کے بارے میں کہا تھا کہ ’امرتا ہر چیز کا بہت قریب سے مشاہدہ کرتی تھیں۔ ان میں ہر چیز کا تجربہ کرنے اور جاننے کا جذبہ تھا۔ وہ سماجی پابندیوں اور پابندیوں سے بالکل آزاد تھیں۔‘
وہ ان مردوں کی طرف متوجہ ہو جاتی تھیں جو تھوڑا مختلف تھے۔
اقبال سنگھ لکھتے ہیں، ’امرتا کی جنسی اخلاقیات کی تعریف عام لوگوں سے بالکل مختلف تھی۔ انھوں نے بتایا تھا کہ وہ ایک بار پیرس کے بدنام زمانہ علاقے میں اکیلی کھڑی تھیں۔ وہ دیکھنا چاہتی تھیں کہ لوگ ان سے کیسے رابطہ کرتے ہیں‘۔
’انھوں نے مجھے بتایا کہ میرا کسی کے ساتھ جانے کا قطعی طور پر کوئی ارادہ نہیں ہے۔ میں یہ دیکھنا چاہتی تھی کہ لوگ میرے ساتھ وقت گزارنے کے لیے کتنا خرچ کرنا چاہتے ہیں۔ ‘
امرتا شیر گل کی جواہر لعل نہرو سے قربت
امرتا شیرگل کی جواہر لال نہرو سے بھی کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ لیکن اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ دونوں کے درمیان محبت کا رشتہ تھا۔
سنہ 1937 میں جب دہلی کے امپیریل ہوٹل میں امرتا کی پینٹنگز کی ایک نمائش منعقد ہوئی تو جواہر لال نہرو نے اس میں شرکت کی۔
اس وقت امرتا نے کارل کو لکھے خط میں لکھا تھا، ’میرے خیال میں نہرو مجھے اتنا ہی پسند کرتے تھے جتنا میں انھیں پسند کرتی تھی۔‘
نہرو اور امرتا کے درمیان کافی خط و کتابت ہوا کرتی تھی۔ ان خطوط کے مطالعے سے ان کے درمیان تعلقات کا اندازہ لگایا جا سکتا تھا لیکن امرتا کی والدہ نے امرتا کو موصول ہونے والے بہت سے خطوط کو جلا دیا تھا جن میں نہرو کے خط بھی شامل تھے۔
ایک بار نہرو گورکھپور کے دورے کے دوران امرتا اور ان کے شوہر وکٹر سے ملنے گئے۔
اس وقت کی ایک تصویر ہے جس میں نہرو نے سیاہ قمیض اور خاکی شارٹس پہن رکھی ہیں۔ اس کے سر پر ٹوپی اور پاؤں میں پشاوری چپل ہے۔
امریتا کی موت پر نہرو نے امرتا کی والدہ کو ایک دل کو چھو لینے والا خط لکھا کہ ’پچھلے پانچ سالوں میں میں امرتا سے صرف پانچ چھ بار ملا ہوں گا، لیکن پہلی بار ان سے مل کر مجھے ان کی صلاحیتوں اور اس کی خوبصورتی کا یقین ہو گیا۔‘
’میں نے محسوس کیا کہ وہ ہندوستان کے لیے ایک بہت قیمتی ٹیلنٹ ہے۔ میں اس ٹیلنٹ کی پختگی کا انتظار کرتا رہا۔ بہت سے لوگ جو امرتا کے ساتھ رابطے میں آئے، آپ کے دکھ میں شریک ہیں۔ ان کی یادیں میری میراث ہیں۔‘
پینٹنگ کروڑوں میں بکتی ہے
امرتا نے اپنے کریئر میں تقریباً 143 پینٹنگز بنائیں۔ ان میں وہ پینٹنگز شامل نہیں ہیں جو انھوں نے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو پیش کی تھیں۔
ان کی بہت سی پینٹنگز ان کے بھانجوں ویوان اور نوینا سندرم کے پاس ہیں۔ اس کے شوہر، وکٹر ایگن نے اپنی تمام پینٹنگز نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ کو دی، سوائے ان کی اپنی ایک تصویر کے۔
ان پینٹنگز کو صحیح طریقے سے نہ رکھنے کی وجہ سے ان کی کئی پینٹنگز تباہ ہو گئیں۔ سنہ 1998 میں ان کی تباہ شدہ پینٹنگز کو بحال کرنے کی کوشش کی گئی۔
یشودھرا ڈالمیا لکھتی ہیں،’امرتا دن کے وقت قدرتی روشنی میں پینٹ کرنے کو ترجیح دیتی تھیں۔ وہ مصنوعی روشنی میں پینٹ کرنا پسند نہیں کرتی تھیں۔ وہ پینٹنگ کے دوران ڈھیلا لباس پہنتی تھیں اور اپنے بالوں کو باندھ دیتں۔‘
پینٹنگ کرتے وقت ان کا ہاتھ تیزی سے حرکت کرتا تھا۔ پینٹنگ کے بعد وہ اسے الٹا دیکھتی تھی۔ اگر انھیں یہ پسند نہیں آتا تو وہ اسے پھاڑ کر پھینک دیتی تھیں۔ اس نے ایسا ایک بار نہیں بلکہ کئی بار کیا۔‘
’ایک بار جب مہاتما گاندھی کیپ کومورین گئے تو انھوں نے ایک دعائیہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کی پینٹنگ بنائی۔ انھوں نے ان سے ملنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ وہاں بہت زیادہ لوگ ان سے ملنے آ رہے تھے۔‘
ان کی بڑی پینٹنگز ’ینگ گرلز‘، جپسی گرل، ینگ مین ود فور ایپلز، گروپ آف تھری گرلز، برائیڈز ٹوائلٹ، برہمچارس اور کیملی ہیں۔
پچاس کی دہائی میں مشہور ادیب اور براڈ کاسٹر اشفاق احمد لاہور کے پرانے بازار میں گھوم رہے تھے۔
اقبال سنگھ لکھتے ہیں، ’ایک کباڑ کی دکان پر، انھوں نے امرتا شیر گل کی ایک پینٹنگ دیکھی۔ اس فریم والی پینٹنگ میں ایک عورت بیٹھی تھی۔ کباڑیے نے اشفاق سے کہا کہ وہ پینٹنگ پھینک دے اور فریم گھر لے جائیں۔‘
’اشفاق نے دکاندار کو فریم دیا اور امرتا شیر گل کی پینٹنگ گھر لے گئے۔ کچھ دنوں بعد ان کی ملاقات زبیدہ آغا سے ہوئی، جو راولپنڈی میں آرٹ گیلری چلاتی ہیں۔‘
’انھوں نے اس پینٹنگ کو اپنی گیلری میں رکھنے کو کہا۔ وہاں سے یہ پینٹنگ اسلام آباد کی نیشنل آرٹ گیلری پہنچی۔‘
ان کی پینٹنگز عموماً آرٹ کے بازار میں فروخت نہیں ہوتیں لیکن جب بھی وہ فروخت ہوتی ہیں تو ان کی قیمت کروڑوں میں ہوتی ہے۔
یہ ایک ستم ظریفی ہے کہ امرتا کو اپنی زندگی میں ہمیشہ پیسوں کے لیے دوسروں پر انحصار کرنا پڑا لیکن ان کی موت کے بعد ان کی پینٹنگز کروڑوں روپے میں فروخت ہوئیں۔
اسہال کا شکار
امرتا شیرگل اپنے آخری دنوں میں لاہور گئی تھیں۔ وہاں ان کے شوہر وکٹر ایگن نے ایک کلینک کھولا۔ امرتا کے دوست اقبال سنگھ کو اتفاق سے ان کی بیماری کا علم ہوا۔
اقبال سنگھ امرتا کی سوانح عمری میں لکھتے ہیں، ’جب میں 3 دسمبر کو اس سے ملنے گیا تو پورے گھر میں ایک عجیب سی خاموشی تھی، میں نے بیڈ روم کا دروازہ کھٹکھٹایا تو ایک انتہائی مدھم آواز نے مجھے اندر آنے کو کہا۔‘
’جب میں امرتا کے پاس پہنچا تو دیکھا کہ ان کا چہرہ پیلا پڑ گیا ہے، میں نے ان سے پوچھا کہ امری کیا بات ہے؟ انھوں نے کہا کہ میں نے لیڈی قادر کی پارٹی میں پکوڑے کھائے تھے، جس کی وجہ سے مجھے خطرناک قسم کا اسہال ہو گیا ہے۔‘
’وہ ہر چند منٹ بعد ٹوائلٹ جاتی تھیں جس کی وجہ سے ان کے جسم کا سارا پانی نکل چکا تھا۔ اس دن میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اتنی شدید بیمار ہیں اور صرف چند دنوں کی مہمان ہیں۔ یہاں تک کہ یہ آخری بار تھا جب میں انھیں زندہ دیکھ رہا تھا۔‘
ہمیشہ کے لیے آنکھیں موند لیں
دو دن کے بعد یعنی 5 دسمبر کو اقبال دوبارہ امرتا سے ملنے گئے۔ اس وقت شام کے ساڑھے چھ بج رہے تھے۔
اقبال لکھتے ہیں، ’میں نے ان کے گھر میں داخل ہوتے ہی وکٹر کو تیزی سے سیڑھیاں اترتے دیکھا۔ میں نے اس سے پوچھا کہ امری کیسی ہے؟ اس نے جواب دیا میں اسے بچانے کی پوری کوشش کر رہا ہوں۔ میں نے کہا تمھارا کیا مطلب ہے؟ اس نے کہا، وہ شدید بیمار ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ زندہ رہے گی۔‘
’میں نے اس سے پوچھا کہ کیا میں اسے دیکھ سکتا ہوں؟ اس نے نہیں کہا کیونکہ وہ کوما میں ہے۔‘
امرتا کے ایک اور دوست چمن لال نے فوراً لاہور کے بہترین ڈاکٹر سیکری اور ایک جرمن ڈاکٹر کالیش کو فون کیا۔ دونوں نے انھیں دیکھ کر بولا کہ بہت دیر ہو گئی ہے۔
انھیں پیریٹونائٹس ہو گیا ہے اور ان کی آنتیں خراب ہو گئی ہیں۔
یہ تمام لوگ رات گیارہ بجے تک امرتا کے گھر پر رہے۔ ان کے جانے کے بعد امرتا کے کزن چرنجیت سنگھ مان نے لاہور سے ایک اور مشہور ڈاکٹر رگھوبیر سنگھ کو بلایا۔
لیکن جب انھوں نے امرتا کو دیکھا، امرتا اس دنیا کو الوداع کہہ چکی تھیں۔
اگلے دن امرتا کے والد امراؤ سنگھ شملہ سے لاہور پہنچے۔
ان کی لاش کو کشمیری شال میں لپیٹ کر دریائے راوی کے کنارے شمشان گھاٹ لے جایا گیا۔
ان کے والد عمراؤ سنگھ نے ان کی آخری رسومات ادا کیں۔ اس وقت ان کی عمر صرف 28 سال تھی۔
موت کی وجہ اسقاط حمل
بعد میں بہت سے لوگوں نے کہا کہ امریتا کی موت کی وجہ صرف اسہال نہیں تھے۔
خشونت سنگھ نے بعد میں لکھا کہ ’ڈاکٹر رگھوبیر سنگھ نے مجھے بتایا کہ امرتا حاملہ ہو گئی تھیں اور ان کے شوہر ان کا اسقاط حمل رکوانے کی کوشش کر رہے تھے۔ آپریشن کامیاب نہیں ہوا اور امرتا کا خون بہنے لگا۔‘
آخرکار وکٹر نے ڈاکٹر رگھوبیر سنگھ سے کہا کہ وہ امرتا کو اپنا خون دیں گے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ان کے خون کا گروپ جانے بغیر وہ ایسا نہیں کر سکتے۔ جب دونوں ڈاکٹروں کے درمیان یہ بات چیت جاری تھی، امریتا کی موت ہو گئی۔
امرتا کے گھر والوں میں سے اکثر کا یہ خیال تھا کہ وکٹر نے امرتا کا آپریشن کیا تھا۔
اندرا گاندھی کے کزن بی کے نہرو کی ہنگری کی اہلیہ جو امرتا کی والدہ کے بہت قریب تھیں، ان کا خیال تھا کہ وکٹر کا آپریشن کامیاب نہیں ہوا کیونکہ وہ تربیت یافتہ سرجن نہیں تھے۔
انھوں نے فوری طور پر دوسرے ڈاکٹروں کو نہیں بلایا کیونکہ انھیں اپنی بدنامی کا ڈر تھا۔ ویسے بھی اس وقت ہندوستان میں اسقاط حمل غیر قانونی تھا۔
پھر 31 جولائی 1948 کو امرتا کی ماں میری اینٹونیٹ نے عمراؤ سنگھ کی بندوق سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ امرتا کے والد امراؤ سنگھ کی وفات 1954 میں 84 سال کی عمر میں ہوئی۔
امرتا کی موت کے 13 سال بعد وکٹر نے نینا حیدری سے شادی کی۔ وکٹر ایگن کی 1997 میں 88 سال کی عمر میں وفات ہوئی۔